ریاستی وزیر جی کملاکر کا جذبہ انسانی ہمدردی

   

حادثہ کے زخمیوں کو سرکاری گاڑی میں ہاسپٹل منتقل کیا
حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات جی کملاکر نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک حادثہ میں زخمی ایک خاندان کے 4 افراد کو اپنی گاڑی میں ہاسپٹل منتقل کیا۔ سدی پیٹ کے نواحی علاقہ میں راجیو راہداری پر ایک تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک خاندان کے 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے وقت ریاستی وزیر کریم نگر سے حیدرآباد جارہے تھے۔ انہوں نے فوری اپنی گاڑیوں کو روکنے کی ہدایت دی اور ایک گاڑی میں زخمیوں کو سدی پیٹ سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ انہوں نے اپنے شخصی مدد گار کو زخمیوں کے ساتھ دواخانہ روانہ کیا جہاں ڈاکٹر سے بات چیت کرتے ہوئے بہتر علاج کی ہدایت دی گئی۔ کار میں پھنسے ہوئے ڈرائیور کو سدی پیٹ ٹو ٹاؤن سرکل انسپکٹر روی کمار نے دو گھنٹوں کی مساعی کے بعد محفوظ باہر نکالا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں ملکاجگری سے تعلق رکھنے والے بھاسکر اپنی اہلیہ اور دیگر افراد خاندان کے ساتھ کریم نگر میں شادی کی تقریب میں شریک ہونے کے بعد حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ ان کی گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ مقامی افراد نے ریاستی وزیر کے جذبہ انسانی ہمدردی کی ستائش کی۔ر