ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کی مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات

   

قومی شاہراہوں کی عاجلانہ تکمیل اور ریجنل رنگ روڈ میں تعاون کی درخواست
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی ترقی اور فلائی اوورس کی تعمیر میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر، جی ومشی کرشنا، کرن کمار ریڈی، رگھورام ریڈی کے علاوہ دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندہ جیتندر ریڈی اِس موقع پر موجود تھے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ میں زیرالتواء پراجکٹس کی تفصیلات سے نتن گڈکری کو واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر ایل بی نگر تا حیات نگر ڈبل ڈیکر راہداری کی تعمیر میں مرکز سے تعاون کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد اور امراوتی کے درمیان گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر پر بھی مرکزی وزیر کو توجہ دلائی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے شہر کے اطراف تیز رفتار ترقی کے لئے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے ہائی ویز کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر اور ٹرانسپورٹ سے متعلق دیگر پراجکٹس میں تعاون کی درخواست کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نتن گڈکری نے مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ قومی شاہراہوں کی تعمیر کا مقصد بڑھتی آبادی اور صنعتی سرگرمیوں میں توسیع کے پیش نظر انفراسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔1