حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ کو آج تلنگانہ ہائی کورٹ سے اس وقت راحت ملی جب اسمبلی کیلئے ان کے انتخاب کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے سرینواس گوڑ کے انتخاب کو چیلنج کرتے ہوئے راگھویندر راجو نے 2019 میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ سرینواس گوڑ نے 2018 اسمبلی چناؤ میں الیکشن کمیشن کو پیش کردہ حلفنامہ میں اپنے اثاثہ جات اور قرض کے بارے میں غلط معلومات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر کو حلفنامہ پیش کرنے کے بعد اسے دوبارہ حاصل کرلیا گیا اور ضرورت ترمیمات کے بعد جمع کیا گیا جو ازروئے قانون غلط ہے۔ درخواست گذار نے الیکشن کمیشن کو گمراہ کن معلومات فراہم کرنے پر سرینواس گوڑ کے انتخاب کو کالعدم کرنے کی درخواست کی۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد درخواست کو مسترد کردیا۔ ہائی کورٹ نے سابق میں اس معاملہ کی جانچ کیلئے ایڈوکیٹ کمیشن کا تقرر کیا تھا جس کے روبرو سرینواس گوڑ پیش ہوئے اور اپنے موقف کی وضاحت کی۔ ایڈوکیٹ کمیشن نے ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے ایڈوکیٹ کمیشن کی رپورٹ اور فریقین کے دلائل کی سماعت کرتے ہوئے درخواست کو مسترد کردیا۔