ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

   

حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی کی عوامی نمائندوں کے مقدمات سے متعلق خصوصی عدالت نے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے ان کے خلاف کونڈا سریکھا کے قابل اعتراض ریمارک پر مقدمہ درج کیا۔ مقدمہ کی سماعت کے موقع پر ریاستی وزیر غیر حاضر رہیں جس پر عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے 5 فروری کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ کے ٹی آر نے ہتک عزت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کونڈا سریکھا کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تردید کی۔ واضح رہے کہ کونڈا سریکھا نے فلمسٹار ناگا چیتنیہ اور سمنتا کے درمیان علحدگی کے لئے کے ٹی آر کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اس بیان پر ناگرجنا اور کے ٹی آر دونوں میں کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی شروع کی۔ کونڈا سریکھا نے حال ہی میں ناگرجنا اور ان کے افراد خاندان سے معذرت کرلی جس کے بعد ناگرجنا نے عدالت میں اپنا مقدمہ واپس لے لیا۔ کے ٹی آر کی جانب سے درج مقدمہ کی سماعت جاری ہے۔1