ڈاکٹرس اور طلبہ کیلئے عصری آلات پر مشتمل نمائش کا اہتمام
حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے سہ روزہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈینٹل کانفرنس 2019 کا آج حیدرآباد میں سائبر کنونشن میں افتتاح کیا۔اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل و صدر نشین فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی پی راجیشور ریڈی نے ٹریڈ ایکزبیشن کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر بی کروناکر ریڈی وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائینسیس نے سائنٹفک سیشن کا آغازکیا۔ کانفرنس کے آرگنائزنگ کمیٹی ارکان ڈاکٹر ایس جگدیشور راؤصدر آئی ڈی اے تلنگانہ اسٹیٹ، ڈاکٹر پی کروناکر آرگنائزنگ چیرمین، ڈاکٹر کے وی تریناتھ ریڈی کانفرنس چیرمین، ڈاکٹر وائی ایس ریڈی کوآرگنائزنگ چیرمین، ڈاکٹر ایم پروین کمار اعزازی جنرل سکریٹری، ڈاکٹر اے سریکانت آرگنائزنگ سکریٹری، ڈاکٹرٹی جئے سمہا ریڈی کانفرنس سکریٹری اور ڈاکٹر کے ادتیہ سندیپ جوائنٹ آرگنائزنگ سکریٹری اس موقع پر موجود تھے۔ سہ روزہ کانفرنس کا 15 ڈسمبر کو اختتام عمل میں آئے گا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس نے پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے ارکان کے تعاون سے کانفرنس منعقد کی ہے۔ کانفرنس میں مختلف اداروں کے پرنسپالس، ڈین، چیرمین کے علاوہ پریکٹشنرس، پوسٹ گریجویٹ، انڈر گریجویٹ طلبہ کے بشمول 2500 مندوبین نے شرکت کی۔ ڈینٹل کونسل آف انڈیا نے کانفرنس کیلئے 18 کریڈٹ پوائنٹ کی منظوری دی ہے۔ کانفرنس سے جنرل پریکٹشنرس اور فیکلٹی ممبرس اور طلبہ کو سائینسی معلومات اور کلینکل اِسکل کے فروغ میں مدد ملے گی۔ 25 سے زائد قومی اور بین الاقوامی سطح کے ماہرین نے کلیدی خطبات پیش کئے۔ نمائش میں 110 سے زائد قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اسٹالس لگائے گئے تھے جس میں عصری طبی آلات کی نمائش کی گئی تاکہ ڈاکٹرس اور ڈینٹل اسٹوڈنٹس کو فائدہ ہو۔