ریاستی کابینہ کا آج اہم اجلاس، بجٹ کو قطعیت دینے کا امکان

,

   

انتخابی وعدوں کے تحت مزید دو اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ، 26 فروری سے بجٹ سیشن
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 23 فروری سے سہ پہر 3 بجے سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل کابینی اجلاس اہمیت کا حامل ہے جس میں بجٹ 2026-27 کو قطعیت دینے کے علاوہ شہر کے تین میونسپل کارپوریشنوں اور زیڈ پی ٹی سی و ایم پی ٹی سی انتخابات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنچایت راج اور مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس کے شاندار مظاہرے سے برسر اقتدار پارٹی کے حوصلے بلند ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیدرآباد، سائبر آباد اور ملکاجگری کارپوریشنوں کے عاجلانہ انتخابات کے حق میں ہے تاکہ شہری علاقوں میں کانگریس کی کامیابی کا تسلسل جاری رہے۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی عہدوں کے انتخابات پر بھی فیصلے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل فیس I کے ایل این ٹی سی سے حصول پر کابینہ اہم فیصلہ کرے گی۔ حکومت نے میٹرو ریل کو راست طور پر اپنے کنٹرول میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں کو رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت فنڈس کی اجرائی کا بھی کابینہ میں جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاستی بجٹ کی تجاویز کو اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا آئندہ سال بجٹ تجاویز سے کابینہ کو واقف کرائیں گے۔ حکومت نے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی عہدوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں محکمہ پنچایت راج کے عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں عہدوں کے خاتمہ کے لئے دستوری ترمیم لازمی ہے اور موجودہ صورتحال میں مرکزی حکومت سے تائید کی امید نہیں کی جاسکتی۔ تلنگانہ حکومت اس مسئلہ پر قانونی رائے حاصل کررہی ہے۔ حکومت منڈل اور ضلع پریشد کی سطح پر الیکشن کا نیا سسٹم متعارف کرنے پر غور کررہی ہے۔ کابینی اجلاس میں موجودہ فلاحی اسکیمات کے علاوہ بعض نئی اسکیمات کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے تاکہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں پیشرفت ہو۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے فنڈس کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں کسانوں میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ گزشتہ 3 ماہ سے رعیتو بھروسہ کی امدادی رقم جاری نہیں کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پنشن کی رقم کو 400 کرنے اور خواتین کیلئے ماہانہ 2500 کی امداد جیسے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیر فینانس اجلاس میں ریاست کی معاشی صورتحال کی تفصیلات پیش کریں گے اور آمدنی میں اضافے کا جائزہ لیتے ہوئے نئی اسکیمات کو قطعیت دی جائے گی۔ توقع ہے کہ 26 فروری سے اسمبلی اور کونسل کے بجٹ سیشن کا آغاز ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا 28 فروری کو اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے جبکہ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو کونسل میں بجٹ پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ بجٹ سیشن 10 تا 15 دن جاری رہے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں بجٹ سیشن کے شیڈول کو قطعیت دی جائے گی۔ 1