اراضی کی عاجلانہ منظوری کا مطالبہ، ریاست کی ترقی میں مرکز کا اہم رول
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلئے مرکز کی جانب سے بھاری فنڈز منظور کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ کی ترقی میں ریجنل رنگ روڈ کا اہم رول رہے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جس قدر جلد اراضی الاٹ کی جائے گی اتنی ہی تیزی سے ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ورنگل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ 8 جولائی کو وزیراعظم نریندر مودی ورنگل کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریجنل رنگ روڈ کی طرح ریلوے رنگ روڈ پراجکٹ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مرکز نے پراجکٹ کے سلسلہ میں سروے کے کام کی ہدایت دی ہے۔ کشن ریڈی کے مطابق قاضی پیٹ میں ایک ماہ میں 200 ریلوے ویاگنس کی تیاری کی صلاحیت رکھنے والے یونٹ کو قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مرکز پر ناانصافی کا الزام عائد کررہی ہے جبکہ مرکز نے تلنگانہ کیلئے کئی پراجکٹس منظور کئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کی عادت بن چکی ہے کہ وہ مرکز کو نشانہ بنائیں۔ پریس کانفرنس میں ریاستی صدر بنڈی سنجے اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر موجود تھے۔ر