حیدرآباد /12 جنوری ( سیاست نیوز ) باوقار ریجنل رنگ روڈ آر آر آر شمالی حصہ کی تعمیر کیلئے اراضی نشاندہی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ 158 کیلومیٹرس کے حصے میں اضلاع سنگاریڈی ، میدک ، سدی پیٹ ، یدادری ، بھونگیر کے 20 منڈلس میں واقع 111 گاؤں کا احاطہ کرتے ہوئے نئی شاہراہ تیار کی جارہی ہے ۔ ریجنل رنگ روڈ کیلئے جملہ 4620 ایکر حصول اراضی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ضلع سنگاریڈی میں 1250 ضلع میدک میں 1125 ایکر اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اضلاع سدی پیٹ ، یدادری بھونگیر میں عہدیداروں کی جانب سے حصول اراضی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ جنوری کے اواخر تک اس کا اندازہ لگانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ حکومت نے چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں متذکرہ اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے کے بعد حصول اراضی کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس کے بعد ان اراضیات کی مارکنگ کرتے ہوئے مالکین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حصول اراضی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا ۔ مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ نے تقریباً 344 کیلومیٹر تک ریجنل رنگ روڈ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حصول اراضی اور رنگ روڈ کی تعمیر میں مرکزی و ریاستی حکومتیں مساوی اخراجات برداشت کریں گے ۔ حصول اراضی کے ساتھ شمالی حصہ میں سڑک کی تعمیر کیلئے 7512 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ن