ریزرویشن پالیسی پر حالیہ منظور ہ قرار داد برقرار :چیف منسٹر عمر عبداللہ

   

جموں و کشمیر کی ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل شدہ کمیٹی تمام متعلقین سے بات چیت کرے گی، تمام امکانات کھلے

سرینگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے زور دے کر کہا ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی میں خصوصی درجے کے متعلق حال ہی میں منظور شدہ قرار داد کو مسترد نہیں کیا گیا ہے بلکہ وہ برقرار ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں اسمبلی میں خصوصی حیثیت سے متعلق پاس کی گئی قرارداد کو مسترد نہیں کیا گیا بلکہ وہ برقرار ہے ۔ان کے مطابق قرارداد کو قانون ساز اسمبلی میں اکثریت حاصل تھی جس میں کانگریس کے اراکین بھی شامل تھے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ خصوصی حیثیت کے متعلق پاس کی گئی قرار داد فعال ہے اور ابھی بھی دروازہ کھلا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جوں ہی ریاست کا درجہ واپس ملے گا تو مزید معاملے بھی آگے بڑھیں گے ۔سیاسی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ اس سمت میں قدم اٹھانے سے پہلے ہمیں ریاست کی بحالی کا انتظار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا :‘چیلنجوں کے باوجود بھی حکومت سیاسی مقدمات کے طریقہ کار کو آسان بنانے میں کامیاب رہی ہے ۔’اسمبلی میں پاس کی گئی قرارداد کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ ناقدین کی جانب سے ریزولیشن پر سوالات اٹھانے کے باوجود بھی اس کو مسترد نہیں کیا گیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاست کی بحالی کے بعد حکومت سیاسی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے پر توجہ دے گی۔جموں وکشمیر ریزرویشن پالیسی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ کابینہ میٹنگ کے دوران سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ لیا گیا جو متعلقین کے ساتھ بات کرئے گی اور جو بھی سپریم کورٹ رولنگ کے تحت مناسب ہوگا وہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اوپن میرٹ سے وابستہ امیدوار ریزرویشن پالیسی سے ناراض ہیں اور ہم یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور متعلقین کے ساتھ بات چیت کے بعد جو بھی مناسب ہوگا وہ کیا جائے گا تاکہ ہر کسی طبقے سے وابستہ امید وار کو انصاف مل سکے عمر عبداللہ نے کشتواڑ میں مبینہ شہری تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوج پر زور دیا کہ وہ اس کی مکمل تحقیقات کرئے اور جو بھی اہلکار ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔بجلی کٹوتی شیڈول کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے عوام الناس کو یقین دلایا کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن سے قبل عوام سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
ان کے مطابق ایک ماہ کے دوران جموں وکشمیر کی نو منتخب سرکار نے اہم فیصلے لئے اور آنے والے دنوں کے دوران بھی غیر معمولی اہمیت کے حامل فیصلے لئے جائیں گے ۔