دلتوںکی 21اگست کوبھارت بند کی اپیل
نئی دہلی: ریزرویشن پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دلتوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور سوشل میڈیا پر 21 اگست کو ’بھارت بند‘ کی اپیل کی جا رہی ہے۔ دلت تنظیموں اور دلت رہنماؤں کا ماننا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ امتیازی ہے پورے ملک کے دلت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔ گزشتہ جمعرات کو دیئے گئے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے ریاستوں کو ایس سی۔ایس ٹی ریزرویشن میں ذیلی زمرے بنانے کا حق دیا تھا۔ عدالت نے ایس سی۔ایس ٹی ریزرویشن میں کریمی لیئر اصول کو لاگو کرنے کو بھی کہا تھا۔اس سے پہلے دلتوں نے 2 اپریل 2018 کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے خلاف بھارت بند کا انعقاد کیا تھا جو کامیاب رہا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ایس سی۔ایس ایس ٹی کمیونٹی کے لوگوں نے اس بند کا اہتمام کیا تھا۔ دراصل، سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل پر مظالم کی روک تھام ایکٹ۔1989 میں کچھ تبدیلیاں کر دی تھیں جس پر دلت ناراض ہو گئے تھے۔ اس بند میں کئی مقامات پر تشدد بھی دیکھا گیا تھا اور کئی لوگوں کی جانیں بھی گئی تھیں۔ایک بار پھر دلت تنظیموں نے ’بھارت بند‘ کی اپیل کی ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کس تنظیم نے اس کیلئے اپیل کی ہے۔ ایکس پر ’لاجیک جرنی‘ نامی ہینڈل سے اس ہیش ٹیگ کی حمایت میں کئی پوسٹ کی گئی ہیں۔