ریزرویشن کو بی جے پی دھیمی موت دینا چاہتی ہے : مایاوتی

   

نئی دہلی۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام)بی ایس پی لیڈر مایاوتی نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ایس سیز، ایس ٹیز اور او بی سیز کیلئے ریزرویشن کی گنجائش کو دھیرے دھیرے ’’موت‘‘ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ’’پھوٹ ڈالو ، حکومت کرو‘‘کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بی ایس پی کارکنوں کی آل انڈیا میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر اترپردیش نے مسلم کمیونٹی سے اپیل کی کہ جذبات میں نہ بہیں اور سوجھ بوجھ سے کام لیں۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے ایم پیز بھی شریک ہوئے۔ مایاوتی کے حوالے سے پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ مسلمانوں کو موجودہ حالات میں تحمل سے کام لینا چاہئے اور ماحول کو کشیدہ یا اشتعال انگیز بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔