نئی دہلی، 25 دسمبر (یواین آئی) نظر ثانی شدہ ریلوے ٹکٹ کی قیمتیں جمعرات کی آدھی رات سے لاگو ہوگئیں، جس سے 215 کلومیٹر سے زیادہ کے سفر کیلئے قیمت میں ایک سے دو پیسے فی کلومیٹر کا اضافہ ہوگا۔ ریلوے کو اس کرایہ میں اضافہ سے سالانہ 600 کروڑ روپے کی اضافی آمدنی کی توقع ہے ۔ انڈین ریلوے کے مطابق جمعرات کو اس سلسلے میں تمام ریلوے زونز کو ایک سرکلر بھیجا گیا ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جن مسافروں نے کرایوں میں اضافے کی تاریخ (21دسمبر) سے پہلے ٹکٹ خریدے ہیں ان سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ریلوے نے کہا ہے کہ ٹکٹ کی نئی قیمتوں کے بارے میں معلومات جمعہ سے تمام اسٹیشنوں پر فراہم کی جائیں گی۔ مسافروں کو ٹکٹ کے نرخوں میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کرنے اور ضروری ہدایات دینے کیلئے اسٹیشنوں پر خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔
اس مقصد کے لیے عملہ تعینات کیا جائے گا۔ اسی طرح مسافروں کو اسٹیشنوں پر پریس، میڈیا، نوٹیفیکیشنز اور اعلانات کے ذریعے ٹکٹ کے نرخوں میں تبدیلی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
