اجمیر30مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں ضلع اجمیر کے پرانے ریلوے کیرج کارخانے نے ریل کوچ کو اسپتال کے وارڈ میں بدلنے کی تجویز رکھتے ہوئے ایک نمونہ بھیجا ہے جس پر کل تک فیصلہ ہونے کے بعد کیرج کارخانے کو کوچ اسپتال بنانے کا اہم کام مل سکتا ہے ۔ کارخانے کے چیف مینیجر آر کے موندڑا نے آج کہا کہ ہمارے افسران اور اہلکارمیں بڑی تعداد میں کوچ کو وارڈ میں تبدیل کرنے کی استعداد ہے ۔ ملک میں کورونا وائرس کے بعد بگڑتے حالات کے پیش نظر اسپتالوں کی کمی کا خیال کرتے ہوئے حکومت نے ریلوے بورڈ کو ٹرین کے کوچیز کو آئیسولیشن وارڈ اور اسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے ملک کے مختلف کارخانوں سے کوچ کے نمونے منگوائے ہیں۔ اس کے تحت اجمیر کے کیرج کارخانے نے بھی نمونے کے طور پر ایک ڈیزائن بھیجا ہے ۔ ریلوے بورڈ کی منظوری ملتے ہی اس پر کام شروع ہو جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اجمیر کا کیرج اور لوکو کارخانہ ملک کے پرانے کارخانوں میں سے ہے ۔ یہاں ڈبوں کی مرمت کے علاوہ ڈیزائن بدلنے کا کام بھی کیا جاتا ہے ۔