ریلوے تقررات علاقائی زبان اور علاقائی سطح پر منعقد کرنے کا مطالبہ

   

شمالی ہند کوچنگ سنٹرس کا مافیا سرگرم رہنے کا دعویٰ، بی ونود کمار کا وزیر ریلوے کو مکتوب
حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پلاننگ کمیشن کے نائب صدر بی ونود کمار نے مرکزی وزیر ریلوے کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریلوے ریکروٹمنٹ کے نظام میں تبدیلیاں لانے اور زونل سطح پر ریلوے تقررات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی ونود کمار نے اپنے مکتوب میں کلرک اور اس سے نچلی سطح کی جائیدادوں کے تقررات کیلئے قومی سطح پر امتحانات کے انعقاد کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ قومی سطح پر امتحانات کا انعقاد کرنے سے بہار اور اتر پردیش کی بالا دستی رہنے کا دعویٰ کیا۔ علاقائی زبانوں اور ریاستوں کے امیدواروں سے ناانصافی ہونے کا الزام عائد کیا۔ ریلوے امتحانات کیلئے شمالی ہند کوچنگ سنٹرس مافیا کی طرح کام کررہے ہیں اور ان کوچنگ سنٹرس کے مایا جال کی وجہ سے تلگو ریاستوں کے امیدواروں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم نہیں ہورہے ہیں۔ 35 ہزار ریلوے جائیدادوں کیلئے 1.30 کروڑ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ریلوے ریکروٹمنٹ اُمور کے دوران بہار میں بڑے پیمانے پر تشدد بھڑک اُٹھا اور توڑ پھوڑ ہونے کے علاوہ بہار بند بھی منایا گیا جس سے انہیں بے حد صدمہ پہنچا ہے۔ علاقائی زبان تلگو میں بھی ریلوے تقررات کے امتحانات کو منعقد کرنے کا مطالبہ کیا اور ہر ریاست میں اس کی علاقائی زبان کے ساتھ امتحانات کا انعقاد کرنے پر زور دیا۔ن