ریلوے پولیس نے 210 مسروقہ و گمشدہ موبائیل فونس برآمد کئے

   

حیدرآباد۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) گورنمنٹ ریلوے پولیس تلنگانہ نے 210 مسروقہ و گمشدہ موبائیل فونس کو برآمد کرلیا۔ سنٹرل اکوپممنٹ شناخت رجسٹرار پورٹل (سی ای آئی آر) کی مدد سے ریلوے پولیس نے 21 لاکھ روپے مالیت کے فونس کو ضبط کرلیا اور ان فونس کو مالکین کے حوالے کردیا۔ سکندرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی جی آر پی چندانا دپتی نے ان موبائیل فونس کو مالکین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی، ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید موجود تھے۔ ایس پی نے بتایا کہ جی آر پی کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے پورٹل کی مدد سے کیرالا، اترپردیش، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، بہار، مدھیہ پردیش و آندھرا پردیش میں کارروائی کرکے مسروقہ موبائیل فونس کو ضبط کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ای آئی آر کی مدد سے جاریہ سال 734 موبائیل فونس ضبط کئے گئے اور گزشتہ دو ماہ میں 210 موبائیل فونس کو ضبط کیا گیا ۔ انہوں ن ے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے موبائیل فونس سرقہ یا گم ہونے پر سی ای آئی آر پورٹل پر لاگ ان کریں جس کے ذریعہ موبائیل فون کو دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ www.ceir.gov.in اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ع
خیریت آباد میں سڑک حادثہ
ایک نوجوان ہلاک
حیدرآباد۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) خیرت آباد کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ محمد صفیان احمد جو افضل نگر ملک پیٹ کے ساکن محمد شبیر کا بیٹا تھا۔ پان شاپ چلاتا تھا۔ صوفیان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کل رات دیر گئے خیرت آباد فلائی اوور سے گذرنے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ موٹر سائیکل ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی صفیان اور اس کے ساتھیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس خیرت آباد نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع