ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں پارٹی کی صدارت سنبھال لیں گے

,

   

بڑے جلوس کی تیاریاں، طارق انور، مانکیم ٹیگور و دیگر قائدین کی آمد
حیدرآباد۔ /6 جولائی، ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی 7 جولائی کو پردیش کانگریس کے صدر عہدہ کا گاندھی بھون میں جائزہ حاصل کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی سے یہ جائزہ حاصل کیا جائے گا جو 6 سال سے زائد اس عہدہ پر فائز رہے۔ ریونت ریڈی کی جائزہ تقریب میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری طارق انور، سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور کے علاوہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے اور سابق چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کی شرکت تقریباً یقینی ہے۔ تمام سینئر قائدین اور ناراض قائدین کو منانے ریونت ریڈی نے گزشتہ چند دنوں کے دوران روزانہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اور یہ مہم کامیاب ثابت ہوئی۔ ریونت ریڈی چہارشنبہ کی صبح 10 بجے جوبلی ہلز کی مندرمیں پوجا کے بعد جلوس کے ساتھ روانہ ہونگے اور وجئے نگر کالونی میں پارٹی کارکنوں کے استقبال میں شرکت کریں گے۔ وجئے نگر کالونی سے درگاہ حضرات یوسفینؒ تک اقلیتی قائدین نے استقبالیہ جلوس کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ جلوس 12 بجے دن بارگاہ حضرات یوسفین ؒ پہنچے گا۔ ریونت ریڈی بارگاہ یوسفین ؒ میں حاضری دیں گے اور خصوصی چادر پیش کریں گے۔ ان کے ہمراہ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر و دیگر قائدین موجود رہیں گے۔ درگاہ یوسفین سے جلوس کی شکل میں وہ گاندھی بھون پہنچیں گے جہاں دو پہر دیڑھ بجے وہ نئے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ اس موقع پر گاندھی بھون میں بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ شہر کے علاوہ مختلف اضلاع سے قائدین اور کارکنوں کی شرکت کا امکان ہے جس کے نتیجہ میں سیکوریٹی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی پاسیس جاری کئے جارہے ہیں۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے آج سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ریونت ریڈی نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا سے بھی ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ انہوں نے رکن اسمبلی جگا ریڈی ، رکن اسمبلی بی سریدھر بابو، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اور ایناڈو گروپ کے سربراہ رامو جی راؤ سے ان کی قیامگاہوں کو پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے تعاون کی خواہش کی۔ ریونت ریڈی نے ششی دھر ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین کو جائزہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔