6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے خصوصی دعائیں، برسراقتدار آتے ہی منشور کے ساتھ ضمانتوں پر عمل آوری کا عہد
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے اسمبلی چناؤ کی رائے دہی سے عین قبل درگاہ یوسفینؒ اور برلا مندر پر حاضری دیتے ہوئے 6 ضمانتوں پر برسراقتدار آتے ہی عمل آوری کا عہد کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، مدھو یاشکی گوڑ، ڈاکٹر ملوروی اور دیگر قائدین نے پہلے نوبت پہاڑ پر واقع برلا مندر میں حاضری دی اور خصوصی پوجا کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں عوام کیلئے جاری کردہ 6 ضمانتوں پر مشتمل پمفلٹ پجاریوں کے حوالے کیا اور اس پر عمل آوری کیلئے خصوصی پوجا کی اپیل کی۔ وہاں سے کانگریس قائدین درگاہ یوسفینؒ نامپلی پہنچے اور دو خصوصی غلاف پیش کرتے ہوئے گل افشانی کی۔ ریونت ریڈی نے چھ ضمانتوں سے متعلق پمفلٹ درگاہ میں پیش کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شال پوشی کی گئی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے کہا کہ پارٹی برسراقتدار آتے ہی اولین ترجیح کے طور پر چھ ضمانتوں پر عمل کیا جائے گا۔ چھ ضمانتوں کے علاوہ انتخابی منشور پر عمل آوری کا عہد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں کانگریس پارٹی ان پر عمل کرے گی۔ کانگریس نے 17 ستمبر کو 6 ضمانتوں کا اعلان کیا تھا جسے اے آئی سی سی قائد سونیا گاندھی نے جلسہ عام میں جاری کیا۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد دی جائے گی، گیس سلینڈر 500 روپئے میں اور خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت رہے گی۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت فی ایکر 15 ہزار روپئے امداد دی جائے گی جبکہ زرعی مزدوروں کو 12 ہزار روپئے امداد ملے گی۔ دھان کی اقل ترین امدادی قیمت پر 500 روپئے بونس دیا جائے گا۔گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ اندراماں انڈلو اسکیم کے تحت بے گھر غریب خاندانوں کو امکنہ اراضی، مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد اور تلنگانہ جہد کاروں کو 250 گز اراضی الاٹ کی جائے گی۔ یووا وکاسم کے تحت طلبہ کو 5 لاکھ روپئے تعلیمی امداد دی جائے گی۔ پنشن کو 4 ہزار روپئے کردیا جائے گا اور راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت رہے گی۔ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران چھ ضمانتوں کا کافی پرچار کیا۔ راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکارجن کھرگے، ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا جیسے قائدین نے انتخابی مہم کے دوران عوام کو ضمانتوں پر عمل آوری کا بھروسہ دلایا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 6 ضمانتوں کے علاوہ انتخابی منشور پر عمل کیا جائے گا۔