ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کی جمعرات کو نئی دہلی روانگی

   

کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت، کابینہ میں توسیع پر ہائی کمان سے بات چیت کا امکان
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ 17 اکٹوبر کو نئی دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں ہریانہ اور جموں کشمیر کے انتخابی نتائج کا جائزہ لیا جائے گا اور مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔ اجلاس میں کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدور شریک ہوں گے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے مستقل مدعو کی حیثیت سے وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا بھی اجلاس میں شریک ہوںگے۔ ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے پیش نظر کانگریس ورکنگ کمیٹی کا یہ توسیعی اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شرکت کے بعد چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس ہائی کمان کے قائدین سے تلنگانہ کے زیر التوا امور پر بات چیت کریں گے۔ تلنگانہ کابینہ میں توسیع، نامزد عہدوں پر تقررات کے علاوہ پردیش کانگریس کی عاملہ تشکیل پر بات چیت کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کابینہ میں توسیع کے مسئلہ پر اپنے حالیہ دورے دہلی کے دوران جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال سے بات چیت کی تھی۔ اس مسئلہ پر صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے سے مشاورت مکمل ہوچکی ہے۔ راہول گاندھی سے منظوری کا انتظار ہے۔ اگر راہول گاندھی کابینہ میں توسیع کو منظوری دیتے ہیں تو جاریہ ماہ کے اواخر تک کابینہ کی چھ مخلوعہ نشستوں کو پر کیا جائے گا۔ اسی دوران نئی دہلی میں ہائی کمان سے تلنگانہ امور پر بات چیت کی صورت میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس کے مجوزہ دورۂ دہلی کی تاریخ طے ہوتے ہی پارٹی قائدین نے نامزد عہدوں کے لیے پیروی میں تیزی پیدا کردی ہے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اس بات کا اشارہ دیا کہ ریاستی کابینہ میں عنقریب توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے ایسے اضلاع جنہیں کابینہ میں نمائندگی حاصل نہیں ہے، اس مرتبہ شامل کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ سماجی مساوات کے تحت کابینہ میں مسلم وزیر کی شمولیت یقینی بتائی جارہی ہے۔ 1