ریونت ریڈی سے سی پی آئی قائدین کی ملاقات

   

تشکیل حکومت اور کونسل میں نمائندگی پر بات چیت
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں تشکیل حکومت کی سرگرمیوں کے دوران سی پی آئی کے قائدین نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ گچی باؤلی میں واقع ہوٹل میں کانگریس کے تمام نومنتخب ارکان اسمبلی قیام پذیر ہیں جن کیلئے ماہرین کے ذریعہ تربیتی کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ہائی کمان کی جانب سے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے ریونت ریڈی کے نام پر اتفاق رائے کی اطلاعات کے دوران سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا، قومی عاملہ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی، ریاستی سکریٹری اور نو منتخب رکن اسمبلی کے سامبا سیوا راؤ، ریاستی سکریٹریٹ کے ارکان پی وینکٹ ریڈی، ای ٹی نرسمہا، کے شنکر اور ٹی سرینواس راؤ نے ریونت ریڈی کو پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بات چیت کے دوران حکومت کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانگریس نے مفاہمت کے تحت کتہ گوڑم اسمبلی نشست سی پی آئی کو الاٹ کی اور قانون ساز کونسل میں 2 ارکان کو نمائندگی دینے کا تیقن دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی پی آئی ریاستی کابینہ میں شمولیت کے حق میں ہے تاہم اس سلسلہ میں ریونت ریڈی کو پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کرنی ہے۔