مرکزی وزراء سے ملاقات کا امکان تلنگانہ فنڈ حاصل کرنے نمائندگی کا بھی امکان
حیدرآباد 23 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج شام نئی دہلی روانہ ہوگئے جہاں وہ کل 24 مئی کو نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ظہیرآباد کے دورہ سے واپسی کے بعد چیف منسٹر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ریگولر فلائٹ کے ذریعہ نئی دہلی روانہ ہوئے۔ ریاست میں کمزور معاشی صورتحال کے سبب چیف منسٹر نے خصوصی طیارہ سے سفر کو ترک کرتے ہوئے ریگولر فلائٹ سے روانگی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیتی آیوگ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈہ میں تعلیم، صحت اور روزگار جیسے مسائل کو شامل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر دہلی میں قیام کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کے پراجکٹس کو فنڈس جاری کرنے کی نمائندگی کریں گے۔ چیف منسٹر مرکز میں زیرالتواء اُمور کے لئے یادداشت پیش کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کانگریس اعلیٰ کمان سے ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں ہے تاہم اطلاعات کے مطابق ریونت ریڈی نے راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال سے چیف منسٹر کی ملاقات کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ بھی نئی دہلی میں ہیں لہذا پارٹی حلقوں میں قیاس آرائی ہے کہ ہائی کمان سے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ اور نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے مشاورت ہوگی۔1