سینئیر قائدین کی ناراضگی ،پارٹی ہائی کمان سے شکایت ، پدیاترا اور جلسہ عام سے دوری
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں نازک دور سے گذرنے والی اصل اپوزیشن کانگریس کے قائدین میں پھر ایکبار اتحاد کا فقدان نظر آیا ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی کی پدیاترا کے اختتام کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کرنے کے معاملے میں قائدین دو گروپس میں تبدیل ہوگئے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ کئی سینئیر قائدین ریونت ریڈی کے جلسہ سے نہ صرف دوری اختیار کی بلکہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اس پدیاترا کو پارٹی ہائی کمان کی اجازت حاصل نہیں ہے ۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ریونت ریڈی کی 10 روزہ پدیاترا سے کانگریس کے کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ کانگریس پارٹی مرکزی زرعی بلز کے خلاف ہے ۔ کانگریس اس مسئلہ پر ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے ۔ تلنگانہ میں بھی احتجاج جاری ہے ۔ اس مسئلہ پر کسانوں کی حمایت میں ریونت ریڈی کی جانب سے کئے گئے پدیاترا پر کانگریس کے کئی سینئیر قائدین کو اعتراض ہے ۔ کانگریس کے کئی سینئیر قائدین نے خود کہا کہ اس پدیاترا کو پارٹی ہائی کمان کی اجازت نہیں ہے اور کئی قائدین نے نہ صرف دوری اختیار کی ہے بلکہ کانگریس ہائی کمان اور تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور کو ریونت ریڈی کے خلاف شکایت کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں شامل ریونت ریڈی نے اس پدیاترا کے ذریعہ اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ پیش کیا ہے ۔ انہیں بیشتر قائدین کی تائید حاصل ہوئی ہے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر کا جارحانہ انداز میں مقابلہ کرنے کی تمام صلاحیتیں موجود رکھتے ہیں ۔۔