مرکزی حکومت سے فنڈز کی اجرائی میں تعاون کرنے کی خواہش
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی کو فون کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق ریونت ریڈی نے کشن ریڈی سے خواہش کی کہ مرکز ی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کو زیر التواء فنڈز اور دیگر مسائل کی یکسوئی کیلئے تلنگانہ حکومت سے تعاون کریں۔ ریونت ریڈی نے کشن ریڈی کو تجویز پیش کی کہ وہ مرکز کے اہم قائدین کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کریں تاکہ ریاست کو درپیش مسائل سے واقف کرایا جائے۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی ہے۔ حلف برداری کے دوسرے ہی دن انہوں نے یشودھا ہاسپٹل پہنچ کر سابق چیف منسٹر کے سی آر کی عیادت کی تھی۔ اسمبلی میں پروٹم اسپیکر کیلئے بی آر ایس کی حلیف مجلس کے فلور لیڈر اکبراویسی کا انتخاب کیا گیا۔ اسپیکر کے انتخاب میں بی آر ایس سے تعاون کی اپیل کرنے کیلئے ریاستی وزراء سریدھر بابو اور دامودر راج نرسمہا کو کے سی آر کے پاس روانہ کیا اور انہوں نے کانگریس کے امیدوار کی تائید کی۔ بی جے پی نے پروٹم اسپیکر کی موجودگی میں اسمبلی کی رکنیت کی حلف برداری کا بائیکاٹ کیا۔ ایسے میں ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت سے تلنگانہ کو درپیش مسائل پر مرکزی وزیرکشن ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے خوشگوار سیاسی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔