’ ریونت ریڈی کو خریدنے والا آج تک پیدا نہیں ہوا ‘

   

راجندر کا الزامات ثابت کرنے سے راہ فرار، کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنا میرا مقصد: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ مفاہمت ان کے خون میں نہیں ہے اور دل میں کبھی ڈر کو جگہ نہیں دی۔ کے سی آر تو کیا کوئی بھی شخص مجھے خرید نہیں سکتا۔ صدر پردیش کانگریس نے بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کا واحد مقصد کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا تھا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کے سی آر نے کانگریس کو 25 کروڑ روپئے فراہم کئے تھے۔ الزامات ثابت کرنے کیلئے ریونت ریڈی نے ایٹالہ راجندر کو بھاگیہ لکشمی مندر چارمینار آنے کا چیلنج کیا تھا۔ ریونت ریڈی عیدالفطر کے روز شام میں منوگوڑ میں کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والی پی شراونتی اور دیگر قائدین کے ہمراہ مندر پہنچے۔ خصوصی پوجا کے بعد ریونت ریڈی نے انتہائی جذباتی انداز میں میڈیا سے بات چیت کی۔ بی آر ایس سے 25 کروڑ روپئے حاصل کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ریونت ریڈی آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے زندگی میں کبھی مفاہمت نہیں کی ہے اور نہ ہی وہ خوفزدہ ہوئے ہیں۔ آخری خون کے قطرہ تک میری لڑائی جاری رہے گی۔ میں اپنی ماں کی قسم کھاتا ہوں کہ اگر میں نے کے سی آر اور بی آر ایس سے سابقہ انتخابات میں رقم حاصل کی ہو تو میرا خاندان تباہ و برباد ہوجائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ کٹر ہندو ہیں اور بھگوان پر ان کا بھروسہ ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے راجندر کو مندر آنے کا چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ تو دور کی بات ہے انہوں نے کے سی آر سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا ہے۔ کے سی آر اپنا سب کچھ نچھاور کرتے ہوئے بھی مجھے خرید نہیں سکتے، میں گھٹیا سیاست پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عوام کیلئے جدوجہد کررہا ہوں۔ میری دیانتداری پر شبہ کی گنجائش نہیں ہے، ریونت ریڈی کو خریدنے والا آج تک پیدا نہیں ہوا، اور میں کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں۔ بھگوان نے مجھے سب کچھ دیا ہے۔ وہ شخص جو اپنی بیٹی کی شادی میں ایک قیدی کی طرح شریک ہوا ہو وہ میرے دُکھ کو سمجھ سکتا ہے۔میرا واحد مقصد کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہے۔ ہر شخص جانتا ہے کہ سابق میں ضمنی انتخابات میں کیا ہوا۔ بی جے پی اور بی آر ایس نے کروڑہا روپئے خرچ کئے۔ پی گودرھن ریڈی خاندان کی خدمات کے اعتراف میںان کی دختر پی شراونتی کو ٹکٹ دیا گیا۔ دونوں پارٹیوں نے 300 کروڑ روپئے کی شراب تقسیم کی باوجود اس کے 25 ہزار افراد نے شراونتی کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی کے سی آر سے پیسہ نہیں لیا۔ مجھے کے سی آر اور کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے کے جرم میں جیل بھیجا گیا۔ انہوں نے راجندر کو چلنج کیا کہ وہ اپنے الزامات کو ثابت کریں یا تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ راجندر جس وقت کے سی آر کے قریب تھے انہوں نے کرپشن اور بدعنوانیوں کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔ر