ریونت ریڈی کی آج بارگاہ یوسفینؒ پر حاضری

   

اقلیتی قائدین نے جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لیا، وجئے نگر کالونی سے گاندھی بھون تک جلوس
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ نے پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کی درگاہ حضرات یوسفینؒ میں حاضری اور وجئے نگر کالونی سے گاندھی بھون تک جلوس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ نے پردیش کانگریس کے ترجمان محمد نظام الدین، فیروز خاں، محمد متین، عامر جاوید، عثمان محمد خاں اور دیگر قائدین کے ہمراہ درگاہ حضرات یوسفین ؒ پہنچ کر انتظامات کو قطعیت دی۔ اقلیتی قائدین نے بارگاہ یوسفین ؒ میں حاضری دی اور کل ریونت ریڈی کی آمد کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی جانب سے ریونت ریڈی کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا اور ہزاروں کی تعداد میں قائدین اور ورکرس شہر اور اضلاع سے اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر 12 بجے ریونت ریڈی اور دیگر قائدین بارگاہ یوسفینؒ میں حاضری دیں گے اور خصوصی چادر پیش کی جائے گی۔ اقلیتی قائدین نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے کارکنوں کی شرکت کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ گزشتہ تین دن سے ریالی کے انتظامات جاری ہیں۔ راستہ میں جگہ جگہ عوام کی جانب سے تہنیت پیش کی جائے گی اور پارٹی کی جانب سے پوسٹرس اور بیانرس آویزاں کئے جارہے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ ریونت ریڈی کا پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے تقرر تلنگانہ کی سیاست میں نئے باب کا آغاز ہے۔ نوجوان اور حرکیاتی قائد ٹی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات، اوقافی جائیدادوں کا تحفظ، اقلیتوں کی معاشی و سماجی ترقی اور اردو زبان کے فروغ کیلئے ریونت ریڈی نے کانگریس برسراقتدار آنے پر اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی سیکولرازم کا تحفظ اور عوام کو سماجی انصاف فراہم کرسکتی ہے۔