ریونت ریڈی کی دو روزہ بھوک ہڑتال کا میڑچل میں اختتام

   

آئندہ جلسہ گجویل میں ہوگا، دلتوں کے جلسوں سے چیف منسٹر خوفزدہ
حیدرآباد۔25 ۔اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی دو روزہ بھوک ہڑتال کا آج شام اختتام عمل میں آیا۔ ملکاجگری کے موڈو چنتلہ پلی گاؤں میں ریونت ریڈی نے کل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ دلت اور گریجن طبقہ کے ہزاروں افراد اور پارٹی کے سینئر قائدین کی موجودگی میں آج شام بھوک ہڑتال اختتام پذیر ہوئی ۔ ریونت ریڈی نے سات سال قبل ترقی کے لئے چیف منسٹر کی جانب سے اڈاپٹ کردہ گاؤں میں بھوک ہڑتال کرتے ہوئے چیف منسٹر کے وعدوں کی عدم تکمیل پر مقامی عوام سے بات چیت کی ۔ ریونت ریڈی نے کل رات اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت دلت خاندان کو الاٹ کردہ مکان میں شب بسری کی اور صبح میں گاؤں والوں سے مقامی مسائل پر بات چیت کی ۔ انہوں نے گاؤں کے مسائل کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے فون پر بات کی اور انہیں علاقہ کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ دلتوں اور گریجن طبقات کا آئندہ جلسہ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے جلسوں کی کامیابی سے کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ پارٹی کے عاملہ کے اجلاس میں کے سی آر نے آئندہ 20 برسوں تک ٹی آر ایس حکومت کا جو اعلان کیا ہے ، وہ دراصل ان کے خوف کو ظاہر کرتا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے صرف 20 ماہ باقی ہیں، عوام نے کے سی آر حکومت کو بیدخل کرنے کی ٹھان لی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں کوئی جوش و خروش نہیں تھا اور قائدین حکومت کے مستقبل کے بارے میں فکرمند دکھائی دیئے ۔ چیف منسٹر میڈیا کا سامنا کرنے کے بجائے اجلاس سے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ 35 سال قبل اندراماں اسکیم کے تحت جو مکان الاٹ کیا گیا تھا ، اس میں انہوں نے شب بسری کی ہے تاکہ گاؤں کے حقیقی مسائل سے واقف ہوں۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر پرگتی بھون کو امبیڈکر ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے افراد خاندان کے اثاثہ جات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شام 5 بجے ریونت ریڈی کی تقریب کے بعد بھوک ہڑتال اختتام پذیر ہوئی ۔ رکن اسمبلی سیتکا اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔R