حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو کانگریس کی مہیلا قائدین نے راکھی باندھ کر آشیرواد حاصل کیا ۔ رکن اسمبلی ڈی سیتکا اور صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے ریونت ریڈی کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پہنچ کر راکھی باندھی ۔ اس موقع پر ریونت ریڈی کے افراد خاندان موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کو راکھی بندھن کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ تہوار بھائی اور بہن کی محبت کی مثال ہے۔ ملک بھر میں یہ تہوار منایا جاتا ہے جس میں بہنیں اپنے بھائیوں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتی ہیں۔ اسی دوران ماناکنڈور اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ان قائدین نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے بی آر ایس قائدین کا استقبال کیا اور کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس کے حق میں لہر پائی جاتی ہے اور تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔