کامیابی سے ہائی کمان مطمئن، عوامی جوش و خروش بھی مثالی
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا دو دن کے وقفہ کے بعد کل 20فروری سے دوبارہ شروع ہوگی۔ ریونت ریڈی نے یاترا برائے تبدیلی کے عنوان سے 7 فروری کو ملگ ضلع سے پدیاترا شروع کی تھی۔ کانگریس رکن اسمبلی سیتکا کے انتخابی حلقہ سے شروع کی گئی اس پدیاترا کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ راہول گاندھی کی کنیا کماری تا کشمیر بھارت جوڑو یاترا کے بعد کانگریس نے ملک گیر سطح پر ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کا اعلان کیا تاکہ گھر گھر پہنچ کر راہول گاندھی کے پیام کو پہنچایا جائے۔ میڈارم کی سمکا سارالماں جاترا سے ریونت ریڈی نے اپنی پدیاترا شروع کی جس کے تحت وہ60 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ ریونت ریڈی روزانہ 20 تا 25 کیلو میٹر پیدل چلتے ہوئے سماج کے مختلف طبقات سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے 17 فروری کو ورنگل کے اسٹیشن گھن پور میں پدیاترا کے بعد دو دن کے توقف کا فیصلہ کیا۔ شیوراتری تہوار کے پیش نظر یاترا میں دو دن کا وقفہ دیا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس 20 فروری کو صبح 9 بجے ورنگل ( ویسٹ ) اسمبلی حلقہ میں پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ شام 4 بجے ضلع کلکٹر بنگلہ اور لاء کالج گراونڈ سے پدیاترا گذر کر امرتا جنکشن ہنمکنڈہ پہنچے گی جہاں ریونت ریڈی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کے مطابق صدر پردیش کانگریس پیدماں گڈہ شرنیا گارڈن میں شب بسری کریں گے اور 21 فروری کی صبح 9 بجے سے دوبارہ پدیاترا شروع ہوگی۔ پدیاترا میں کانگریس کے سینئر قائدین حصہ لے رہے ہیں۔ پدیاترا اور خاص طور پر جلسہ عام میں عوام کی غیر معمولی شرکت اور جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے کانگریس کے حوصلے بلند ہیں۔ تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے ریونت ریڈی کی پدیاترا پر ہائی کمان کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ انہوں نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر سینئر قائدین کو پابند کیا کہ وہ پدیاترا میں شریک ہوں یا اپنے انتخابی حلقوں میں پدیاترا کا آغاز کریں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق اپوزیشن لیڈرمحمد علی شبیر، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے مختلف ایام میں ریونت ریڈی کے ساتھ پدیاترا میں شرکت کی۔ سینئر لیڈر کے جانا ریڈی توقع ہے کہ ورنگل ضلع میں پدیاترا کے دوران شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے ریونت ریڈی کی کامیاب پدیاترا پر اظہار خوشنودی کیا ہے اور مانک راؤ ٹھاکرے کو ہدایت دی گئی کہ وہ پارٹی قائدین میں اتحاد کی مساعی کریں ۔ر