ریپ کے مجرم سینگر کی اسمبلی رکنیت ختم

   

لکھنؤ۔25فروری(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع اناؤ کے بانگر مئو اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو عصمت دری کے معاملے میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے اور سیٹ کو خالی قرار دے دیا گیا ہے ۔اترپردیش اسمبلی سکریٹریٹ نے اس کے لئے نوٹس جاری کیا ہے ۔اسمبلی سکریٹری پردیپ کمار دوبے نے گذشتہ 20 فروری کو نوٹیفکیشن جاری کردیاتھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سینگر کی رکنیت اسی دن ختم کردی گئی تھی جس دن اسے سزا سنائی گئی تھی۔ سینگر کو 20 دسمبر 2019 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ لہذا ان کی رکنیت اسی دن سے ختم مانی جائے گی اور اب یہ سیٹ خالی ہوگئی ہے ۔کلدیپ سنگھ سینگر بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے اناؤ بانگر مئو اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی تھے ۔ گذشتہ دنوں بی جے پی نے سینگر کو پارٹی سے برخواست کردیا تھا۔ اب سکریٹریٹ کی جانب اس سیٹ کا خالی قرار دیئے جانے کے بعد یہاں پر ضمنی الیکشن ہوں گے ۔کلدیپ سنگھ سینگر کو اناؤ کی ایک نابالغ کا اغوا اور عصمت دری کا مجرم پایا گیا تھا۔