زائد فیس وصول کرنے والے اسکولس کیخلاف کارروائی

,

   

جی او 46 کی خلاف ورزی پر اسکولس کو نوٹس جاری ، پیرنٹس اسوسی ایشن کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی فیس اور آن لائن کلاسیس کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے حیدرآباد اسکولس پیرنٹس اسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔ محکمہ تعلیم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جی او 46 کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت آئندہ چار ہفتوں میں حکومت کے تحت آنے والے تمام اسکولوں کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اسکولس ریاستی حکومت کے اختیار میں نہیں ہیں۔ حکومت متعلقہ بورڈز کو اولیائے طلبہ کے مسائل سے واقف کرائے گی۔ حکومت کی اس وضاحت کو ہائی کورٹ نے کارروائی میں شامل کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی برخواستگی کے نتیجہ میں آن لائن کلاسیس کے اہتمام پر سماعت کی ضرورت نہیں ہے لہذا اس معاملہ کی یکسوئی کردی گئی۔لاک ڈاؤن کے دوران اسکولس کی جانب سے فیس کی ادائیگی پر سرپرستوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔


اسکولوں کو ماہانہ اساس پر صرف ٹیوشن فیس وصول کرنے کی ہدایت
جی او 46 پر جاریہ تعلیمی سال بھی عمل کرنے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر خانگی تعلیمی اداروں کو فیس کی وصولی کے سلسلہ میں سابق میں جاری کردہ جی او 46 پر جاریہ تعلیمی سال بھی عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اندرون دو یوم احکامات جاری کئے جائیں گے۔ کورونا کی پہلی لہر کے موقع پر حکومت نے خانگی تعلیمی اداروں کو طلبہ کے سرپرستوں سے فیس کی وصولی میں اصرار نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ تعلیمی سال 2019-20 میں موجود فیس کو جاریہ سال بھی جاری رکھنے اور فیس میں کوئی اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے صرف ٹیوشن فیس وصول کرسکتے ہیں اور وہ بھی انہیں ماہانہ اساس پر وصول کرنا ہوگا۔ گزشتہ سال حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر بعض کارپوریٹ اور بڑے اسکولوں کو نوٹس جاری کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 اسکولوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی عنقریب خانگی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے جی او 46 کے مطابق فیس وصول کرنے کی ہدایت دیں گی۔