زائد چارجس کی وصولی پر 6 خانگی دواخانوں کے اجازت نامے منسوخ

   

تاحال 16 ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی، علاج میں لاپرواہی کی شکایات
حیدرآباد۔ کورونا کے مریضوں سے زائد چارجس کی وصولی پر محکمہ صحت کی جانب سے مزید 6 خانگی دواخانوں کو کورونا کے علاج سے متعلق اجازت نامے منسوخ کردیئے گئے۔ ریاست میں ابھی تک جملہ 16 خانگی دواخانوں کے لائسنس منسوخ کئے جاچکے ہیں جنہوں نے مریضوں سے علاج کیلئے بھاری رقومات وصولی کیں اور علاج میں لاپرواہی کی گئی۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جن 6 خانگی دواخانوں کو کورونا کے علاج کی اجازت منسوخ کردی گئی اُن میں پدمجا ہاسپٹل میڑچل، لائف لائن میڈی کیور ہاسپٹل الوال، میکس کیر ہاسپٹل ہنمکنڈہ، ٹی ایکس ہاسپٹل اوپل، للیتا ہاسپٹل ورنگل ( اربن ) اور سری سائی رام ہاسپٹل سنگاریڈی شامل ہیں۔ حکومت کو 105 دواخانوں کے خلاف 166 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے 105 وجہ نمائی نوٹسیں جاری کرتے ہوئے دواخانوں سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ زیادہ تر شکایات اضافی بلز سے متعلق ہیں۔ حکومت نے جن شرحوں کا تعین کیا ہے اس سے کہیں زیادہ چارجس وصول کئے جارہے ہیں۔ بعض دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کی کمی کا ذکر کیا گیا۔ مریضوں کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ علاج کے بارے میں انہیں تاریکی میں رکھا جارہا ہے۔ مریض کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جارہی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے تحت قائم کی گئی عہدیداروں کی ٹیم شکایات کا جائزہ لینے کے بعد نوٹس جاری کررہی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ ہاسپٹل اینڈ نرسنگ ہومس اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کرشنا راؤ نے کہا کہ آکسیجن سلینڈر کی قیمتیں عام حالات سے چار تا پانچ گنا زیادہ ہیں ایسے میں ہاسپٹل کم شرحوں پر کیسے علاج کرپائے گا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی جانب سے واٹس ایپ نمبر جاری کیا گیا جس کے ذریعہ عوام اپنی شکایات پیش کرسکتے ہیں۔