زائد چارجس کی وصولی پر 64 خانگی دواخانوں کو نوٹس کی اجرائی

   

بلیک فنگس سے عوام خوفزدہ نہ ہوں، تلنگانہ میں صحتیابی کی شرح 93 فیصد
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا پازیٹیو کیسوں میں بتدریج کمی ہورہی ہے اور فی الوقت ریاست میں ریکوری کی شرح 93 فیصد ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ تلنگانہ میں 3614 نئے پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے جبکہ اموات کی تعداد گھٹ کر 18 ہوچکی ہے۔ 3961 افراد صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں کورونا پازیٹیو کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو کی شرح 4 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح 0.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ 10 دنوں میں بیڈس پر مریضوںکی تعداد میں 54 فیصد سے 39 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور فیور سروے کے نتیجہ میں کیسیس پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ فیور سروے میں 17,000 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ابھی تک 6 لاکھ سے زائد مکانات کا سروے مکمل کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ 11814 افراد معمولی علامات کے ساتھ آؤٹ پیشنٹ کی حیثیت سے زیر علاج ہیں۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ زائد چارجس کے وصولی کے سلسلہ میں 64 خانگی دواخانوں کے خلاف 88 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد دواخانوں کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ دواخانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 24 تا 48 گھنٹوں میں اپنا جواب داخل کریں۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ دواخانوں میں زائد چارجس کی وصولی اور دیگر معاملات کیلئے عوام فون نمبر 9154170960 پر اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس مرض سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بلیک فنگس کے علاج کے لئے درکار ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔