زبان پر عبور حاصل کرنے سے صلاحیت میںا ضافہ

   

امریکی قونصل خانہ سے انگریزی کورس کی تکمیل، جوئیل ریفمین قونصل جنرل امریکہ کا خطاب

حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز) امریکی قونصل خانہ کی جانب سے چلائے جا رہے انگریزی کے کورسس میں مہارت حاصل کرنے والے طلبہ میں آج مسٹر جوئیل ریفمین قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآبادنے اسناد تقسیم کئے اور اسنادات کی تقسیم کے دوران خطاب کرتے ہوئے مسٹر جوئیل ریفمین نے بتایا کہ زبان پر مہارت حاصل کرنے کے کئی فوائد ہیں اور ان فوائد میں سب سے اہم رابطہ کی صلاحیت میں اضافہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انگریزی زبان میں مہارت حاصل کرنے والے کسی بھی مقام پر رابطہ کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں اس زبان پر عبور حاصل کرنے سے ہونے والے فوائد کا اندازہ اعلی تعلیم کے حصول کے دوران ہوگا۔ مسٹر جوئیل ریفمین نے کہا کہ امریکی قونصل خانہ کی جانب سے چلائے جانے والے دو سالہ طویل مدتی کورس کے لئے ان طلبہ کا انتخاب کیا گیا تھا جو کہ متوسط اور غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیورو فار ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افئیرس کی اعانت سے چلائے جانے والے ان کورسس سے اب تک سینکڑوں طلبہ کو فائدہ حاصل ہوچکا ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر سند حاصل کرنے والے طلبہ سے انگریزی زبان میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان میں موجود صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ان طلبہ کو بات چیت کے دوران کہا کہ انگریزی میں مہارت ان کے اپنے مستقبل کیلئے فائدہ بخش ہے اور انہیں مستقبل میں اس کے بہترین ثمرات حاصل ہونے کی قوی توقع ہے۔مسٹر ریفمین نے کہا کہ امریکی قونصل خانہ کے یہ کورس ان طلبہ کو مستقبل میں مسابقتی امتحانات کی تحریر کے علاوہ امریکی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرامس میں شرکت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں امریکی قونصل خانہ کی جانب سے اس طرح کے مختلف کورسس چلائے جا رہے ہیں اور ان کورسس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔انگریزی میں مہارت کے حصول کے لئے قونصل خانہ کی جانب سے دو مقامات پر یہ کورسس چلائے جا رہے ہیں جن میں حیدرآباد اور بھوبنیشور شامل ہیں۔طلبہ میں اسنادات کی تقسیم کے موقع پر تقریب میں اسکول کے ذمہ داروں کے علاوہ قونصل خانہ کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔