زبانوں میں اردوکی حیثیت تاج محل کی سی ہے ایم ایم وی، بنارس ہندویونیورسٹی کے شعبہئ اردوکے زیراہتمام منعقدبیت بازی مقابلے میں پروفیسرآفتاب احمدآفاقی کااظہارخیال

,

   

وارانسی، یکم فروری(پریس ریلیز) اردوزبان کی حیثیت زبانوں میں تاج محل کی سی ہے۔ اگرآپ اردوزبان جانتے ہیں تو آپ کی شناخت الگ ہوگی جویقینا دوسروں سے ممتازہوگی۔ ان خیالات کااظہارمعروف ادیب وناقدپروفیسرآفتاب احمدآفاقی صدرشعبہئ اردوبنارس ہندویونیورسٹی نے آج ایم ایم وی، بنارس ہندویونیورسٹی کے شعبہئ اردوکے زیراہتمام منعقدبیت بازی مقابلے میں کیا۔پروگرام کا آغازپرنسپل پروفیسراینومہتاکے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔ پروفیسرمہتانے اردوزبان وادب کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ زبان بہت شیریں ہے۔ اسے دلچسپی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ مجھے پوری امیدہے کہ میری طالبات مایوس نہیں کریں گی اور بہترین کارکردگی کامظاہرکریں گی۔انہوں نے کہاکہ اردوبیت بازی کامقابلہ میں بہت دلچسپی سے سنتی ہوں اور اس سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کاموقع ملتاہے۔شعبہئ اردوکی انچارج ڈاکٹرنازبیگم نے بیت بازی مقابلے کاتعارف پیش کیااور مہمانوں کاتعارف بھی کرایا۔جج کی حیثیت سے پروفیسرآفتاب احمدآفاقی صدرشعبہئ اردوبنارس ہندویونیورسٹی اور ڈاکٹرمشرف عالم ایسوسی ایٹ پروفیسرشعبہئ اردوبنارس ہندویونیورسٹی نے شرکت کی۔


بیت بازی مقابلے میں سات سات طالبات پرمشتمل تین گروپوں نے حصہ لیااور ان تینوں کے نام معروف شعراء میرؔ، فیض اور فراق کے نام سے موسوم کئے گئے۔ؔ تقریباً دوگھنٹے تک جاری اس مقابلے میں تمام اکیس طالبات نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیااور انتہائی خوبصورت اندازمیں اشعارپیش کرکے سامعین کادل جیت لیا۔انعامات کااعلان ڈاکٹرمشرف عالم نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ شرکاء کی کارکردگی اور اندازبیان لائق ستائش ہے۔ مجھے پوری امیدہے کہ اگریہ طالبات اپنی کوشش جاری رکھتی ہیں توآنے والے وقت میں ان میں کئی ایک نامورشاعرہ کی حیثیت سے اپنامقام بناسکتی ہیں۔شرکاء کاشکریہ شعبہ کے استاذ ڈاکٹرافضل مصباحی نے اداکیا۔