زخمی کانسٹبل کی ہاسپٹل پہونچکر وزیر داخلہ نے عیادت کی

   

ماویسٹوں کی فائرنگ میں زخمی کانسٹبل کو مکمل تعاون کا تیقن
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ماویسٹوں کی فائرنگ میں زخمی ہوجانے والے کانسٹبل کی یشودھا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ پہونچکر عیادت کی ۔ اس موقع پر ڈی جی پی مہیندر ریڈی گرے ہاونڈس کے ایڈیشنل ڈی جی پی کے سرینواس ریڈی گرے ہاونڈس کے او ایس ڈی دیانند بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ 18 جنوری کی صبح ملگ اور بیجا پور اضلاع کے سرحد پر ماویسٹوں کے انکاونٹر کے دوران کانسٹبل مہیش فائرنگ میں زخمی ہوگئے ۔ فوری انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ یشودھا ہاسپٹل کے ڈاکٹرس گولی سے زخمی کانسٹبل کے ہاتھ کا آپریشن کیا ۔ وزیر داخلہ نے ڈاکٹرس سے زخمی کانسٹبل کی حالت کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ آپریشن کے بعد کانسٹبل تیزی سے روبہ صحت ہے بہت جلد انہیں ہاسپٹل سے ڈسچارج بھی کردیا جائے گا ۔ بعد ازاں وزیر داخلہ محمد محمود علی کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے زخمی کانسٹبل مہیش کے ارکان خاندان اور رشتہ داروں سے بھی بات چیت کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اب زخمی کانسٹبل کی صحت ٹھیک ہے ۔ وہ جلد از جلد صحت یاب ہوجائیں گے ۔ وزیر داخلہ نے حکومت کی جانب سے کانسٹبل مہیش کی ہر ممکن مدد کرنے کا ان کے ارکان خاندان کو تیقن دیا ۔۔ ن