نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو دعویٰ کیا کہ پارلیمنٹ کے منظورہ زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق بل 21 ویں صدی کے ہندوستان کی ضرورت ہے اور کسانوں کو دوبارہ یقین دلایا کہ اُن کی پیداوار کی حکومت کی جانب سے خریداری اور اُس کے ساتھ اقل ترین امدادی قیمت (ایم ایس پی ) کا میکانزم جاری رہیں گے ۔ ان قانون سازیوں کو اپوزیشن پارٹیوں نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کو مخالف کسان قرار دیا اور پنجاب و ہریانہ جیسے ریاستوں میں احتجاج ہورہے ہیں لیکن مودی نے پھر ایک بار ان اقدامات کا پرزور دفاع کیا اور کہاکہ کسانوں کو اب اپنی پیداوار ایک ہی مقام پر اور اپنی مرضی کی قیمت پر فروخت کرنے کی آزادی ہوگی ۔