کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی راہ پر گامزن، سرسلہ میں کارکنوں کے اجلاس سے کے ٹی آر کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ۔ آج سرسلہ کے پدھا ونائیکا وگیانہ منڈپم میں ضلعی سطح کے ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کو ٹی آر ایس پارٹی ورکنگ صدر کے ٹی راماراؤ نے مخاطب کیا اور کہاکہ گذشتہ 20 برسوں کے دوران ٹی آر ایس کو کئی کامیابیاں ملیں ۔ کے سی آر نے علحدہ ریاست کی تشکیل و تلنگانہ عوام کو خودمختاری کی خواہشات کو پورا کرنے اور ان کے حقوق کو حاصل کرنے کی خاطر مشاورت کے بعد پارٹی کا قیام عمل میں لایا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ بھر میں روبہ عمل لائے جانے والے ترقیاتی کاموں سے عوام کو واقف کروائیں اور رکنیت سازی کو مکمل طور پر کامیاب کریں۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی پر تنقید کرنے والوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر تلنگانہ ریاست ہی نہ ہوتی تو تم اور تمہاری پارٹی کہاں ہوتے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ ریاست میں کئے جانے والے ترقیاتی کام جن میں قابل ذکر کالییشورم پراجکٹ کا تفصیلی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ بعد ازاں کے ٹی آر نے گمبھی راؤ پیٹ کے موضع راجیشور راؤ نگر گورنٹال میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں کسانوں کو زرعی سرگرمیوں کیلئے 24 گھنٹے برقی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ تلنگانہ میں رعیتو ویدیکاؤں کا قیام اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کے قیام کے بعد تلنگانہ میں زرعی شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جس کی وجہ سے ریاست کے کسانوں کی زندگیوں میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے راجیشور راؤ نگر کالونی میں رعیتو ویدیکا کی افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جو رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ کاشتکاروں کو مالی مدد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں روبہ عمل لائی گئی رعیتو بندھو سے متاثر ہوکر مرکزی حکومت نے ملک بھر میں کسانوں کی مدد کیلئے مختلف ناموں سے نئی اسکیمات کو متعارف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل کسانوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ خاص طور پر جب برقی کی فراہمی کا شعبہ پوری طرح غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا لیکن ٹی آر ایس کے اقتدار کے بعد کسانوں کی زندگیوں میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ اس تقریب میں ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر، ضلع پریشد چیرپرسن ارونا راگھو اریڈی، ٹیسکوب چیرمین کے رویندر راؤ، ضلع کوآپشن ارکان محمد احمد علی، چاند پاشاہ کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔