زرعی شعبہ کومستحکم کرنے پام آئیل صنعت کے قیام کی کوشش

   

حکومت کے مشیرپی سدرشن ریڈی کی مساعی‘ ضلع کلکٹرنظام آبادکامختلف مقامات کاجائزہ

نظام آباد: 18؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زرعی شعبہ کو مزید مستحکم کرتے ہوئے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کے مقصد سے ضلع نظام آباد میں پام آئیل صنعت کے قیام کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ حکومت کے مشیر، سابق وزیر و رکن اسمبلی بودھن مسٹر پی سدرشن ریڈی اس سمت میں خصوصی دلچسپی دکھا تے ہوئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ضلع میں پہلے ہی تقریباً 7 ہزار ایکڑ اراضی پر آئل پام کی کاشت کی جا رہی ہے اور کسانوں کو اس منافع بخش فصل کی طرف راغب کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اسی سلسلہ میں آج ضلع کلکٹر ایلا ترپا ٹھی ، آرمور سب کلکٹر ابھیگیان مالویا اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مختلف مقامات کا میدانی سطح کاجائزہ لیا تاکہ پام آئیل صنعت کے قیام کے لیے موزوں مقام کا تعین کیا جا سکے۔ اس موقع پر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل تفصیلات کے ساتھ رپورٹ پیش کریں تاکہ مقام کے حتمی انتخاب کے بعد حکومت کو تجاویز روانہ کی جا سکیں۔اس موقع پر پی سدرشن ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بات چیت ہو چکی ہے اور انہوں نے ضلع میں صنعت کے قیام کے لیے مثبت اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پام آئیل صنعت کے قیام سے نہ صرف کسانوں کو بہتر منافع حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پام آئیل کی فصل کو حکومت کی جانب سے سبسڈی اور دیگر مراعات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ آئل پام بورڈ کے تحت فصل کی خریداری یقینی بنائی جاتی ہے، جس سے کسانوں کو قیمتوں کے سلسلہ میں کسی تشویش کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ سے تقریباً دس ٹن پیداوار حاصل ہو سکتی ہے اور موجودہ طلب کو دیکھتے ہوئے کسان فی ایکڑ دو لاکھ روپئے سے زائد آمدنی حاصل کر سکتے ہیں، اسی لیے کسانوں کو اس فصل کی کاشت کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔