زعفرانی طاقتوں کی جانب سے مسلمانوں کو ہجومی تشدد کا شکار بنانے کے خلاف احتجاج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ /26 جون (سیاست نیوز) ملک بھر میں زعفرانی طاقتوں کی جانب سے مسلمانوں کو ہجومی تشدد کے ذریعہ نشانہ بنائے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) کے کارکنوں کو حسینی علم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ قابل تشویش یہ ہے کہ ایس آئی او کارکن پرامن طور پر اپنا احتجاج تاریخی چارمینار کے قریب درج کروارہے تھے لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ایس آئی او نے جمشید پور میں تبریز انصافی نامی مسلم نوجوان کو جئے شری رام کے نعرے نہ لگانے پر ہجومی تشدد کے ذریعہ اسے نشانہ بناتے ہوئے شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ ایس آئی او کے کئی کارکن تاریخی چارمینار کے قریب احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس غیرمعمولی طور پر مستعدی کا مظاہرہ کیا اور پرامن طور پر احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ پرامن احتجاج کے انعقاد کے اعلان کے باوجود بھی تاریخی چارمینار کے قریب کا علاقہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ حسینی علم پولیس نے ایس آئی او کے30 کارکنوں کو احتیاطی طور پر گرفتار کرلیا اور انہیں پولیس اسٹیشن کنچن باغ منتقل کیا۔