خشک سالی کے سبب غذائی قلت
ہرارے : جنوبی افریقی ملک زمبابوے کی حکومت نے شدید خشک سالی کی وجہ سے غذائی قلت کے شکار اپنے شہریوں کو خوراک فراہم کرنے کیلئے ہاتھیوں کو ذبح کرنے کی منظوری دے دی۔خبر کے مطابق، زمبابوے کی تقریباً نصف آبادی شدید بھوک کے خطرے کا سامنا کر رہی ہے اور اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے200 ہاتھیوں کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔زمبابوے پارکس اینڈ وائلڈ لائف اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں کی تعداد ملک میں حد سے زیادہ ہو چکی ہے۔ ملک میں اس وقت 84,000 ہاتھی موجود ہیں، جب کہ یہ تعداد ملک کی صلاحیت سے تقریباً دو گنا ہے، جو صرف 45,000 ہاتھیوں کی گنجائش رکھتی ہے۔ وزیر ماحولیات نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمان میں کہا کہ ملک میں ہاتھیوں کی تعداد جنگلات کے وسائل کو محدود کر رہی ہے اور انسانوں اور جانوروں کے درمیان تصادم کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم زمبابوے پارکس کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ہاتھیوں کی تعداد کو متوازن کیا جا سکے اور ان کا گوشت خوراک کے طور پر ضرورت مند آبادی تک پہنچایا جا سکے۔