زندگی بچانے ماسک پہننا اور ٹیکہ لگانا ضروری :گہلوٹ

   

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور زندگی بچانے کے لئے ماسک پہننا اور ٹیکہ لگوانا ضروری ہے ۔مسٹر اشوک گہلوت نے یہ بات آج ضلع بانسواڑہ کے کوشل گڑھ علاقہ کے پوٹلیہ گاؤں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایم ایل اے رمیلہ کھڑیا کے شوہر ہورتنگ کھزیا کے مجسمے کی نقاب کشائی پروگرام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی تیسری لہر پھیل چکی ہے اور صورتحال خطرناک بنی ہوئی ہے اور ریاست میں کب پہنچے گی کسی کو پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ابھی نہیں گیا ہے ۔ بیکانیر میں ڈیلٹا پلس کا معاملہ سامنے آیا ہے ، مجھے نہیں معلوم کہ یہ ریاست میں کب پھیل جائے گا۔مکمل احتیاط برتنے کی ضرورت کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماسک لگانا، ہاتھ دھونا اور ٹیکہ لگوانا ضروری ہے ۔ جتنی لاپرواہی ہوگی، اتنی ہی پریشانی ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ قبائلی علاقوں میں ٹیکہ کاری کے بارے میں کوئی جوش و خروش نہیں ہے ۔ انہوں نے قبائلیوں سے کورونا ٹیکہ لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جان بچانے کے لئے ٹیکہ لگانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے بھی ٹیکہ لگانے کے بعد کورونا ہوگیا تھا، لیکن اگر ٹیکہ لگانے کے بعد کورونا ہوتاہے تو اس کا اثر کم ہوتا ہے اور موت کا خطرہ نہیں ہوتا ہے “۔