!اور نہ جانے کتنی جانیں جائیں گی
’زندگی پر بریک ‘سے دلبرداشتہ خاتون کنڈکٹر کی خودکشی
برطرفی کے خوف سے آر ٹی سی ملازمین کے فوت ہونے کے واقعات میں اضافہ
حیدرآباد ۔28 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے دوران ہڑتالی ملازمین کے تعلق سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کئے گئے ریمارکس سے دلبرداشتہ ہوکر ملازمین کے خودکشی واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس طرح ایک تازہ ترین خودکشی واقعہ میں ایک خاتون کنڈکر بھی ہلاک ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ سنوپلی آر ٹی سی بس ڈپو میں بحیثیت کنڈکٹر خدمات انجام دینے والی نیرجا نے جاری ہڑتال سے پائے جانے والے مالی مسائل وغیرہ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرکے ہلاک ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے مسئلہ پر حکومت کا اختیار کردہ موقف و رویہ سے کنڈکٹر نیرجا دلبرداشت ہوکر کھمم میں واقع اپنی قیامگاہ میں پھانسی لیکر خودکشی کرلیں ۔ اس طرح تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کیجانب سے ہڑتال شروع کرنے سے لیکر اب تک کئی ملازمین آر ٹی سی نے اپنی قیمتی زندگیوں کو قربان کیا اور کئی ایک ملازمین نے خودکشیکی کوشش کی ۔ اس دوران بتایا جاتا ہیکہ نظام آباد بس ڈپو III میں بحیثیت ڈرائیور خدمات انجام دینے والے ڈی غفور، مشیرآباد بس ڈپو میں بحیثیت ڈرائیور خدمات انجام دینے والے رمیش 37سال اس ہڑتال سے دلبرداشتہ ہوجانے کی وجہ سے قلب پر حملہ کے باعث ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ان تمام پیش آنے والے اموات کے واقعات کے باوجود ہڑتالی ملازمین حکومت کے طرز عمل سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ اپنی جاری ہڑتال میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے مطالبات کو منوانے کیلئے حکومت پر اپنے دباؤ کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ اس طرح آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے 24دن بھی مکمل ہوگئے ہیں جبکہ حکومت اس جاری ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہڑتالی ملازمین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی حکومت کے ان تمام ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف رہتے ہوئے نہ صرف اپنی ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ اپنی جاری ہڑتال میں مزید شدت پیدا کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔