سڈنی ۔18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپرلیگ میں لاہورقلندرزکی نمائندگی کرنے والے بین ڈنک نے کہا ہے کہ زندگی کرکٹ سے زیادہ ضروری ہے۔ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچزکی فوری معطلی کے بعد بین ڈنک نے اپنے پیغام میں لاہور قلندرزکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا کہا اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ امید ہے کہ جلد ہی آپ سب سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔ واضح رہے کہ 33 سالہ آسٹریلیائی کرکٹر بین ڈنک نے پی ایس ایل کے سیزن فائی میں لاہور قلندرزکو میچ جتوانے میں متعدد بار اہم کردار ادا کیا ہے۔ بین ڈنک کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب بھی رہی تھی۔علاوہ ازیں آسٹریلیا ئی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے ملک میں بین الاقوامی اور قومی سطح کی کرکٹ منسوخ ہونے پرکہا حالات کے اعتبار سے یہ فیصلے اہم ہیں۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ بغیر شائقین کے میدان میں کھیلنے کے باوجود کورونا وائرس کی وجہ سے سیریز کو ملتوی کردیا ہے ۔