گوہاٹی۔ یکم؍نومبر (یو این آئی) آنجہانی گلوکار زوبن گرگ کی آخری فلم روئی روئی بنالے کی نمائش کے موقع پر جمعہ کے دن آسام کے سنیما گھروں میں شائقین کا زبردست ہجوم دیکھنے کو ملا۔ لوگ صبح ساڑھے تین بجے سے ہی ٹکٹ کیلئے سنیما گھروں کے باہر قطاروں میں کھڑے نظر آئے ۔ زوبن گرگ کی آخری فلم روئی روئی بنالے آج پورے ملک میں ریلیز ہوئی۔ آسام کے بیشتر سنیما گھروں میں صبح 4:25 بجے ہی پہلا شو شروع ہوا، جو ہاؤس فل رہا۔ بیشتر سنیما گھروں نے آئندہ دو ہفتوں کیلئے ایڈوانس بُکنگ مکمل کر لی ہے ۔یہ فلم ہندوستان کے 46 شہروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے ۔ ان میں شمال مشرقی خطہ کی 91 اسکرین شامل ہیں، جن میں سے 85 صرف آسام میں ہیں۔ اگلے سات دنوں میں 585 سے زیادہ روزانہ شو متعین کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں یہ فلم 92 اسکرینوں پر روزانہ 150 سے زیادہ شوز کے ساتھ چل رہی ہے ۔ ریاست بھر میں شائقین، جنہوں نے پہلے سے ٹکٹ بُک کر رکھے تھے ، اپنے پسندیدہ گلوکار کو سلور اسکرین پر دیکھنے کیلئے صبح ساڑھے تین بجے کے قریب سنیما گھروں کے باہر جمع ہو گئے۔ زیادہ تر سنیما گھروں نے زوبن گرگ کی تصاویر لگا کر اور دیئے روشن کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح ر ہے کہ 19 ستمبر کو زوبن گرگ کا انتقال سنگاپور میں پراسرار حالات میں ہو گیا تھا۔ ‘جوائے زوبن دا’ اور ‘جسٹس فار زوبن گرگ’ کے نعرے سنیما ہالوں میں گونج رہے تھے ، جہاں شائقین نم آنکھوں سے فلم دیکھ رہے تھے ۔