ممبئی،4 فروری (آئی اے این ایس) اداکارہ زویا افروز نے فلمی صنعت میں عقیدے کی بنیاد پر امتیاز کے حوالے سے اے آر رحمان کے بیان سے اختلاف کیا ہے۔ زویا افروز نے فلم گاندھی ٹاکس کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر کہا کہ انہیں ذاتی طور پرکبھی کسی قسم کے امتیازکا سامنا نہیں کرنا پڑا، حالانکہ ان کا تعلق بھی اے آر رحمان کے ہی عقیدے سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اتحاد اور تنوع کا جشن مناتا ہے اور اسی جذبے کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ زویا افروز کے مطابق فلمیں معاشرے کا آئینہ ہوتی ہیں اور اسی لیے سرٹیفیکیشن کا نظام موجود ہے۔ یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ بالی ووڈ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مذہبی اور دیگر عوامل کی بنیاد پر مواقع محدود ہوئے، جس پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔ بعد ازاں اے آر رحمان نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط سمجھا گیا ۔