محبوب نگر میں جلسہ فیضان اولیاء ، مفتی سید شاہ عزیز اللہ قادری و دیگر علماء کا خطاب
محبوب نگر-15جولائی(ذریعہ میل)ممتازعالم دین الحاج سیدشاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی مجددی افتخاری شیخ العقائدجامعہ نظامیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قطب محبوب نگر حضرت سیدبرہان محبوب سْہروردی المعروف حضرت برہنہ بادشاہ ؒ کا آستانہ 253برس سے علم وعرفان کاگہوارہ رہاہے، آپؒ کی محبت میں ہزاروں افراد بلالحاظ مذہب وملت آپؒ کے آستانہ پرحاضر ہوکر علمی وروحانی فیضان حاصل کررہے ہیں ۔ کل رات احاطہ حضرت برہنہ بادشاہؒ میں 41ویں جلسہ فیضان اولیاء اللہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کی نگرانی مولانامحمدمحسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ وجنرل سیکریٹری کل ہندسنی علماء مشائخ بورڈ نے کی۔سجادہ نشین حضرت برہنہ بادشاہؒ مولانا ڈاکٹر محمد غیاث پاشاہ قادری حکمؒ شرفی نے صدارت کی۔برادرسجادہ نشین بارگاہ جلالیہؒ گوگی شریف مولانا مفتی سیدشاہ چنداحسینی چشتی مولوی کامل الحدیث والفقہ جامعہ نظامیہ،سجادہ نشین حضرت پیرغیب صاحبؒ پرگی مولانا خواجہ سید مقیم الدین چشتی القادری مولوی کامل جامعہ نظامیہ مہمانان خصوصی تھے-مفتی سیدشاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مومن کومومن سمجھ کر اور ولی کو ولی سمجھ کر زیارت کو جانا مستحب ہے ،قبور کی زیارت کرناسنت رسولؐ ہے،بڑوں کا ادب کرنا اور چھوٹوں پر شفقت ومہربانی سے پیش آنا ہدایت مصطفی وسنت رسول ؐ ہے،زیارت قبور سے آخرت کی یاد آتی ہے اور دنیا میں زاہد ومتقی بن جاتے ہیں۔ اولیاء اللہ کو اللہ کے دوست سمجھ کر ان کی زیارت کرتے ہیں۔نگران جلسہ کے علاوہ مہمانان خصوصی نے بھی مخاطب کیا۔ مولانا حافظ مفتی محمد آصف علی نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ مولانا حافظ محمد برھان محبوب وارث پاشاہ قادری شرفی ،جناب محمد میراث شرفی قادری مجوب بابا،جناب صوفی شاہ محمد ابراہیم شرفی قادری غوثی خادم خاص حضرت رؤف بابا، قدوس بابا ، الحاج شیخ صبور کے علاوہ سینکڑوں مردوخواتین نے شرکت کی-حلقہ ذکر،غسل شریف اور آج دوپہر جلوس صندل جناب محمد عبدالکریم بابو بھائی مکہ مسجد سے برآمد ہوا۔ریاستی وزیر سیروسیاحت وآبکاری ڈاکٹروی سرینواس گوڑ، مولاناسید عبدالرزاق شاہ قادری سجادہ نشین قطب محبوب نگرمولانا سید مردان علی شاہ قادریؒ،الحاج سید شفیع الدین قادری خلیفہ مجاز حضرت سیدہاشم الدین گیلانی نقیب الاشراف بغداد شریف، جناب محمدعبدالرحمٰن صدرنشین مارکیٹ کمیٹی،صدرنشین مجلس بلدیہ وکونسلران مجلس بلدیہ کی کثیرتعداد موجود تھی۔