زیرزمین پانی کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں

   

لاک ڈاؤن میں زائد استعمال، مانسون سے عہدیداروں کو اُمید
حیدرآباد 7جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کے آغاز کے 3 ہفتے گزرنے کے باوجود حیدرآباد کے 16 منڈلوں میں زیرزمین پانی کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ گراؤنڈ واٹر ڈپارٹمنٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق جون میں زیرزمین پانی کی سطح 4.36 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی جو گزشتہ سال کے مقابل کم تھی۔ ترملگیری، شیخ پیٹ، سکندرآباد، خیریت آباد، امیرپیٹ، چارمینار، بنڈلہ گوڑہ اور بہادر پورہ منڈلوں میں زیرزمین پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ ہوئی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران زیرزمین پانی کے استعمال میں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں پانی کی سطح کم ہوئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 ہفتوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہا تو زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ سال بھی مانسون کے بہتر ہونے سے زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا تھا۔ مئی میں آصف نگر میں زیرزمین پانی کی سطح 8 میٹر درج کی گئی تھی جبکہ جون میں یہ گھٹ کر 7.64 میٹر ہوچکی ہے۔ چارمینار میں مئی میں 6.82 میٹر زیر زمین سطح درج کی گئی تھی جو جون میں گھٹ کر 6.69 میٹر ہوچکی ہے۔ بنڈلہ گوڑہ، نامپلی، امیرپیٹ، ماریڈ پلی اور سکندرآباد میں بھی ایک ماہ کے دوران زیرزمین پانی کی سطح میں معمولی کمی ہے۔ اُمید ہے کہ مانسون کے باقی ایام میں صورتحال بہتر ہوگی۔