زیروفیصد سرمایہ کاری لیکن صدفیصدمنافع

   

فٹ انڈیا موومنٹ کے افتتاح پر وزیراعظم کا اظہار خیال

نئی دہلی ۔29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) جمعرات کو ملک بھر کیلئے ’’ فٹ انڈیا موومنٹ ‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ایک صحت مند ہندوستان کی سمت ایک نیا قدم ہے ۔ ایک رنگا رنگ تقریب جس میں کیل کی دنیا کی مشہور شخصیتوں ، مارشل آرٹس اور ڈانس آرٹسٹ نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ جدید طرز زندگی کی بدولت انسان سست اور کاہل پسند ہوگیا ہے اور فٹنس ہمیشہ سے ہمارے تمدن کا حصہ رہا ہے لیکن آج اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ تقریباً ایک دہے قبل ایک نارمل انسان 8-10 کلومیٹر پیدل چلا کرتا تھا یا پھر دوڑتا یا سیکل چلاتا تھا لیکن جدید ٹکنالوجی کی سہولت جسمانی کارکردگی و حرکت محدود ہوگئی اور اب وہی ٹکنالوجی ہم سے مخاطب ہوکر کہہ رہی ہے کہ آپ کم چل قدمی کرتے ہیں ، اس مہم کا مقصد ایک عام آدمی کو نہ صرف چہل قدمی کی جانب راغب کرنا ہے بلکہ اسپورٹس میں دلچسپی کیلئے توجہ دہانی کرنی ہے ۔ مودی نے کہا کہ فٹنس صرف ایک لفظ نہیں بلکہ صحت و زندگی کی بھرپور ضمانت دینا ہے اور اس سمت میں ایک انقلاب برپا کرنا ہے ۔ اس مہم کو فروغ دینے کیلئے وزیرا سپورٹس کرن رجیجو ، حکومتی حکام، انڈین اولمپک اسوسی ایشن ، قومی اسپورٹس شخصیات ، خانگی اسپورٹس فیڈریشن اور فٹنس پرموٹرس پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 28ارکان پر مشتمل حکومتی کمیٹی میں اسپورٹس سکریٹریز ، سکنڈری ایجوکیشن ، آیوش اور یوتھ افیئرس سے متعلقہ افراد پر ہوگی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کی طرز زندگی نہایت ہی فکر انگیزی کا باعث ہے جس کے باعث 12تا 15 سال عمر کے نوجوان شوگر ، ہائپر ٹنشن کا شکار ہورہے ہیں جبکہ 30سال کی عمر کے افراد میں دل کا عارضہ عام بات ہوگئی ہے ۔ یہ نہایت ہی سنگین معاملہ ہے اس کے باوجود وہ پُرامید ہے کیونکہ ان کی سوچ ہمیشہ سے مثبت پہلو رہی ہے ۔یہ تمام اسباب طرز زندگی میں غیر آہنگ اور بے ترتیبی ہے ، جس کا فٹنس کے ذریعہ سے سدباب کیا جاسکتا ہے ۔ وقت کی سب سے اہم ضرورت فٹنس ہے ۔ جسمانی نقل و حرکت گھٹ کر رہ گئی ہے اور اسی کمی کو آپ ایک موبائیل ایپ کے ذریعہ سے کتنے قدم چلے ہیں بہ آسانی گن سکتے ہیں اور فٹنس صرف فیشن کے معنوں میں نہیں ہے بلکہ آپ کو عملی طور پر مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر قومی اسپورٹس ایوارڈز جیتنے والوںکو مبارکباد بھی پیش کی ہے ۔