زیلنسکی کا دورۂ سعودی عرب

   

کیف ؍ ریاض : یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعہ کو اعلان کیاہے کہ انہوں نے سعودی عرب کا دورہ شروع کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وہ عرب قائدین کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ زیلنسکی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا اور یوکرین کے عرب دنیا کے ساتھ رابطوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اوردوسری دیگر دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ انہوں نے جن دیگر موضوعات کا تذکرہ کیا ان میں روس کی جانب سے کریمیا کا الحاق، فروری 2022 میں ماسکو کے مکمل حملہ کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک امن فارمولا اور توانائی کے شعبہ میں تعاون کے موضوعات شامل تھے۔ زیلنسکی نے کہا کہ ایسے میں وہ اپنا 10 نکاتی امن فارمولہ پیش کریں گے اور وہ اس معاملہ میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زیلنسکی نے مزید کہا کہ ایک اور ترجیح یوکرین کی مسلم کمیونٹی کا تحفظ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی قبضے سے سب سے پہلے کریمیا متاثر ہوا، اور مقبوضہ کریمیا میں جبر کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔ یوکرین کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے سیکرٹری اولیکسی دانیلوف کے مطابق، زیلنسکی اس کے بعد جاپان میں جی سیون گروپ کے سربراہی اجلاس میں جائیں گے۔