واشنگٹن: سابق صدر ٹرمپ کی دوبارہ وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے ساتھ نیویارک ٹائمز نے اشارہ دیا کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کو ٹرمپ کے دوبارہ امریکہ کے صدر منتخب ہونے کا خدشہ ہے اور یہ بات ان کے حالیہ بیانات میں واضح ہوئی ہے۔ امریکی اخبار نے کہا ہیکہ زیلنسکی سے تقریباً ہر انٹرویو میں پوچھا جاتا ہیکہ یوکرین کیلئے ٹرمپ کا دوبارہ انتخاب کیا معنی رکھتا ہے۔ اگرچہ زیلنسکی اپنے الفاظ کا انتخاب احتیاط سے کرتے ہیں لیکن اس امکان کے بارے میں ان کے جذبات بعض اوقات واضح ہو جاتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں زیلنسکی نے ٹرمپ کے اس بیان کو خوفناک قرار دیا کہ وہ جانتے ہیں کہ یوکرین میں امن کیسے لایا جائے۔ ٹرمپ بارہا وعدہ کر چکے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ ایک دن کے اندر یوکرین میں جنگ روک سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ وہ یہ بتائے بغیر کہ وہ ایسا کیسے کریں گے ایک دن کے اندر تنازعہ ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔نیٹو نے سابق امریکی صدر کی وائٹ ہاؤس میں ممکنہ واپسی کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ پولیٹیکو کے مطابق 2016 میں دنیا میں کوئی بھی صدر ٹرمپ کیلئے تیار نہیں تھا لیکن نیٹو میں امریکہ کے اتحادی ایسی غلطی نہیں کریں گے۔ اخبار نے ٹرمپ کی صدارت میں واپسی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے خفیہ ملاقاتوں کے سلسلے کا انکشاف کیا۔