میدک : ضلع میدک کے منڈل چیلپسی جیڈو ضلع مرینہ ٹریٹوریل کی نمائندگی کرنے والے زیڈ پی ٹی سی میں ایچ شیشا سائی ریڈی نے اپنے عہدہ سے مستعفی ہوکر ضلع پریشد صدرنشین ہیما لتا گوڑ کو اپنے استعفیٰ کا مکتوب روانہ کردیا ۔ واضح رہے کہ شیشاسائی ریڈی کا تعلق برسراقتدار ٹی آر ایس سے ہے اور نرسا پور کے ایم ایل اے سی ایچ متیم ریڈی کے قریبی رشتہ دار بھی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیشا سائی ریڈی کو اپنے منڈل کے سینئر قائدین کے ساتھ کوئی تعاون نہیں اور انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے وعدوں کو عملی جامع نہ پہنا سکے ۔ مسٹر ریڈی اپنے عہدے زیڈ پی ٹی سی سے مستعفی ہونے سے چند دن قبل ٹی آر ایس پارٹی سے بھی مستعفی ہوتے ہوئے اپنا استعفیٰ ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر تارک راما راؤ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کو بھی روانہ کردیا تھا جس کے بعد منڈل کی سیاسی حلقوں میں ہلچل ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ ( انچارج ضلع میدک ( نے بھی شیشا سائی ریڈی کو طلب کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی ترغیب بھی دی تھی لیکن وہ اپنے فیصلہ پر اٹل تھے ۔